سپریم کورٹ؛ ظاہر جعفر کی والدہ کی ضمانت منظور
09:07 AM, 18 Oct, 2021
اسلام آباد(پبلک نیوز) نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کی والدہ عصمت آدم کی ضمانت منظور کر لی گئی . جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ظاہر جعفر کے والدین کی درخواست ضمانت کی سماعت کی . سپریم کورٹ نے نور مقدم کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کی والدہ عصمت آدم کی دس لاکھ روپے کے عدالتی مچلکوں کے عوض ضمانت مںظو ر کر لی، عصمت آدم کو خاتون ہونے کی وجہ سے ضمانت ملی. دوسری جانب ملزم کے والد ذاکر جعفر کی ضمانت کی درخواست خارج کر دی گئی. جسٹس عمر عطا بندیال نےدوران سماعت ریمارکس دیئے کہ بظاہر ماں کے جرم میں شامل ہونے کے شواہد نہیں ہیں۔ ہائی کورٹ کے فیصلے سے اثر انداز ہوئے بغیر ٹرائل کورٹ نور مقدم قتل کیس کا ٹرائل قانون کے مطابق مکمل کرے۔ والد ذاکر جعفر کی درخواست واپس لینے پر خارج کی گئی. واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے والد ذاکر جعفر اور والدہ عصمت آدم جی کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ قتل کی واردات کے وقت بیٹے سے مسلسل رابطے میں تھے اور جان بوجھ کر پولیس کو واقعہ کی بروقت اطلاع نہ دے کر ملزم کو قتل کرنے میں سہولت پہنچائی اور وقوعہ کے بعد شواہد چھپانے کی بھی کوشش کی گئی ، ملزم کے والدین ضمانت پر رہائی کے غیر معمولی ریلیف کے مستحق نہیں ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دونوں نے سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کی تھیں.