لاہور(پبلک نیوز) گزشتہ روز نیوزی لینڈ کی ٹیم کی جانب سے دورہ َ پاکستان اچانک منسوخ کرنے پر مریم نواز نے اپنے ٹوئٹ میں تبصرہ کیا میں سبز پاسپورٹ کی عزت کراوں گا ، ان کے اس بیان پر خاصی تنقید ہو رہی ہے کہ مشکل وقت میں بھی انہوں نے ایک سیاسی بیان دیا تاہم اب مریم نواز کے بیان پر وضاحت کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکریٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز نے عمران خان کو انکاہی بیان یاد دلایا.
مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے شیخ رشید اور فیاض چوہان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کیا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید اور فیاض چوہان میں تھوڑی سی بھی غیرت ہوتی تو عوام اور دنیا سے ذلیل و خوار ہونے کے بعد کچھ دن عوام کو اپنا منہ نہ دیکھاتے، قوم کو پتہ چل گیا ہے شیخ رشید اور فیاض چوہان صرف ٹی وی پر بڑھکیں مارنے کی تنخواہیں وصول کررہے ہیں. ان کا کہنا تھا کہ پرچی وزیر اپنی نوکریاں پکی کرنے کےلئے صبح شام قوم کو بھاشن دیتے ہیں، دنیا عمران خان کی اوقات اسلام آباد کے میئر سے بھی کم سمجھتی ہے.
عظمیٰ بخاری نے کہا یہ چلے ہیں شریف خاندان کی خدمت اور حب الوطنی پر سوال اٹھانے، مریم نواز نے عمران خان کو اسی کا ہی بیان یاد دلایا، مریم نواز کی ایک ٹویٹ پر سب وظیفہ خوار ترجمان باولے ہوگئے، نوازشریف اور مریم نواز کی سیاست ختم کرنے والے ان کی ایک ٹویٹ پر اپنا دماغی توازن کھو بیٹھتے ہیں.
مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا دنیا سبز پاسپورٹ کی عزت زبانی کلامی اور کھوکھلے دعووں سے نہیں کرسکتی، نوازشریف نے حقیقی معنوں میں سبز پاسپورٹ کو دنیا میں عزت دلائی، غلطیاں تم کرو ،ملک کو شرمندہ تم کراﺅ اور قصوروار شریف فیملی ہے؟