انسٹاگرام نے بچوں کے لیے ’ٹین اکاؤنٹ‘ متعارف کرا دیا، خود بخو دفعال ہوجائینگے

01:00 PM, 18 Sep, 2024

 ویب ڈیسک :سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام نے ’ٹین اکاؤنٹس‘ متعارف کروائے ہیں، جو حفاظتی اقدامات کے ساتھ آئیں گے اور 18 سال سے کم عمر صارفین کے لیے خود بخود فعال ہو جائیں گے۔

میٹا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان اکاؤنٹس کا مقصد والدین کو بھی ذہنی سکون فراہم کرنا ہے۔

 انسٹاگرام کے نئے متعارف کردہ ’ٹین اکاؤنٹس‘ پہلے سے ہی ڈیفالٹ اکاؤنٹس ہوں گے اور صرف فالورز ہی پیغام بھی سکیں گے۔

اس کے علاوہ ان اکاؤنٹس میں مواد کی فلٹرنگ کے نظام کو مزید سخت کیا گیا ہے اور محدود ’ٹیگنگ‘ اور ’مینشز‘ کی اجازت ہو گی۔

ان اکاؤنٹس کے صارفین کے لیے وقت کے حدود کی یقین دہانی کا نظام متعارف کرایا گیا ہے اور یہ اکاؤنٹس رات دس بجے سے صبح سات بجے تک خودکار طور ’ سلیپ موڈ‘ میں ہوں گے۔

16 سال سے کم عمر صارفین کے لیے ان حفاظتی سیٹنگز کو تبدیل کرنے کے لیے والدین کی اجازت درکار ہوگی۔

یہ اقدام نوعمر صارفین کی آن لائن حفاظت کے بڑھتے ہوئے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

انسٹاگرام اپنے والدین کے نگرانی کے ٹولز کو بھی بہتر بنا رہا ہے، جس کے ذریعے والدین اپنے بچے کے میسجنگ رابطوں کو دیکھ سکیں گے اورروزانہ استعمال کا وقت مقرر کر سکیں گے۔

ان اکاؤنٹس کو والدین مخصوص اوقات میں ایپ کا استعمال بلاک کر سکیں گے اور ان موضوعات پر نظر رکھ سکیں گے جو ان کے بچے تلاش کر رہے ہیں۔

عمر کے  حوالے سے غلط بیانی کی روک تھام کے لیے انسٹاگرام ایسی ٹیکنالوجی تیار کر رہا ہے جو نوعمر صارفین کے اکاؤنٹس کو خودکار طور پر پہچانے گی، یہاں تک کہ اگر بالغ عمر کا ڈیٹا فراہم کیا گیا ہو۔

یہ فیچر اگلے سال کے اوائل میں امریکہ میں تجرباتی طور پر پیش کیا جائے گا۔

پلیٹ فارم نوعمر صارفین کے لیے اپنے مواد کی پالیسیوں کو بھی سخت کر رہا ہے، جس میں حساس مواد کی کنٹرول سیٹنگز کو سب سے زیادہ سخت کر دیا جائے گا تاکہ نوجوان صارفین کو ممکنہ طور پر نامناسب مواد سے بچایا جا سکے۔

ٹین اکاؤنٹس کا نفاذ نئے اکاؤنٹس کے لیے فوری طور پر شروع ہو گیا ہے، جبکہ موجودہ نوعمر صارفین کو اگلے ہفتے سے آگاہ کیا جائے گا اور انہیں نئے سیٹنگز پر منتقل کیا جائے گا۔

 یہ عمل آئندہ 60 دنوں میں امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، اور آسٹریلیا میں مکمل ہو جائے گا، جبکہ یورپی یونین میں رواں سال کے آخر تک اور عالمی سطح پر جنوری میں توسیع دی جائے گی۔

انسٹاگرام کی بنیادی کمپنی میٹا اگلے سال اپنے دیگر پلیٹ فارمز پر بھی اسی طرح کی حفاظتی تدابیر فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

مزیدخبریں