مودی شاندار ہے، اگلے ہفتے ملاقات کروں گا، ڈونلڈ ٹرمپ

02:01 PM, 18 Sep, 2024

ویب ڈیسک :سابق امریکی صدر اور آئندہ صدارتی انت‍خابات میں ریپبلیکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو کہا کہ وہ اگلے ہفتے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔

ٹرمپ نے یہ اعلان مشیگن میں ایک انتخابی مہم کے دوران کیا۔ انہوں نے ایک طرف بھارت کو تجارتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والا ملک قرار دیا لیکن دوسری جانب مودی کو "شاندار" شخصیت کا مالک بھی کہا۔ ٹرمپ نے ملاقات کے مقام کی تفصیلات بتائے بغیر  کہا کہ "وہ اگلے ہفتے مجھ سے ملنے آرہے ہیں۔"

بھارت کی وزارت خارجہ نے منگل کو مودی کے امریکی دورے کا شیڈول جاری کیا لیکن اس میں ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کا کوئی ذکر نہیں۔

 صدر جو بائیڈن 21 ستمبر کو امریکی ریاست ڈیلاویئر میں " کواڈ" کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کریں گے جس میں مودی، آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانیز اور جاپانی وزیر اعظم کشیدا فومیو بھی شریک ہو رہے ہیں۔ بھارت کی وزارت خارجہ کے مطابق، مودی اپنے دورے کے دوران نیویارک میں کچھ سرکاری تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔

حالیہ مہینوں میں، بائیڈن سے ملاقات اور دیگر سربراہی اجلاسوں کے لیے امریکہ کا دورہ کرنے والے کچھ عالمی رہنما ٹرمپ سے بھی مل چکے ہیں۔ نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ریپبلکن امیدوار کا مقابلہ نائب صدر کملا ہیرس سے ہے۔

سابق صدر کے دور میں ٹرمپ اور مودی کے درمیان کافی گرم جوش تعلقات تھے۔ مودی کے 2019 کے دورہ امریکہ کے دوران، دونوں نے "ہاؤڈی، مودی!" میں ایک دوسرے کی تعریف کی تھی۔ ٹیکساس میں منعقدہ اس تقریب میں 50,000 سے زائد افراد نے شرکت کی تھی۔

ٹرمپ جب 2020 میں بھارت کے دورے پر آئے تھے، تو مودی نے ٹرمپ کے لیے ایک بڑی ریلی کی میزبانی کی تھی، جہاں لوگوں کے ایک ہجوم نے "نمستے ٹرمپ" ٹوپیاں پہن رکھی تھیں۔

مزیدخبریں