ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کو بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کا حتمی فیصلہ سنانے سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کی بریت کی درخواستوں کی سماعت ہوئی۔
چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ درخواستوں پر سماعت کی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی نے کیس سے بری کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ جب تک کیس ہائیکورٹ میں زیر التوا ہے ٹرائل کورٹ کو ٹرائل آگے بڑھانے سے روک دیا جائے۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کو 190 ملین پاؤنڈ کیس کا حتمی فیصلہ سنانے سے روک دیا۔