”سرکاری افسران آپ کے ذاتی ملازم نہیں“

ویب ڈیسک: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی ایک پرانی تصویر شیئر کر دی۔ 

تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون پولیس آفیسر مریم نواز کا بیگ پکڑ رہی ہیں، جبکہ ایک تصویر میں ایک پولیس آفیسر سابق وزیراعلی شہباز شریف کے سامنے بے بس کھڑے ہیں۔  شہباز گل کی طنزیہ ٹویٹ میں لکھا گیا کہ سرکاری افسران آپکے ذاتی ملازم نہیں: مریم نواز . یہ ٹویٹ مریم نواز کی ٹویٹ کے ردعمل میں سامنے آیا ہے.

 فردوس عاشق اعوان اور اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کی تلخ کلامی کے بعد مریم نواز کی جانب سے واقعہ کا شدید ردعمل سامنے آیا تھا . سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سیالکوٹ واقعہ پر رد عمل دیتے ہوئے مریم نواز نے ٹویٹ کیا جس میں انھوں نے لکھا کہ سرکاری افسران آپ کے ذاتی ملازم نہیں۔ سیالکوٹ کے رمضان بازار میں خاتون اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف کے ساتھ ہونے والا سلوک قابل مذمت ہے۔

مریم نواز نے ایک اور ٹویٹ بھی کی جس میں لکھا کہ سول سرونٹس اور بیوروکریٹس پڑھ لکھ کر، محنت کر کے، مقابلے کے امتحان پاس کر کے اس مقام تک پہنچتے ہیں، SELECT ہو کر نہیں آتے۔ وزیر ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ کو افسران کی تذلیل کا لائسنس مل گیا ہے۔ یہ رعونت قابل قبول نہیں۔ سونیا صدف سے معافی مانگیے۔

خیال رہے کہ معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں رمضان بازار کا دورہ کیا جہاں پر ناقص انتظامات کی وجہ اسسٹنٹ کمشنر کو سب کے سامنے جھاڑ پلا دی تھی۔ اس دوران دونوں خواتین کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ بعد ازاں اے سی سونیا صدف پنڈال چھوڑ کر چلی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں