عارفہ صدیقی کی 22 سال بعد شوبز میں واپسی
08:16 AM, 19 Apr, 2022
لاہور ( ویب ڈیسک ) ماضی کی معروف اور ہر دل عزیز اداکارہ عارفہ صدیقی کو پاکستان شوبزانڈسٹری میں ایک خاص مقام حاصل تھا، پی ٹی وی کے بہت سے ڈراموں میں اداکاری کے علاوہ انہیں ان کی گائیکی کی جہ سے بھی بہت زیادہ پسند کیا جاتا تھا۔ پی ٹی وی کے اینٹی نارکوٹکس کے ڈرامے ‘انکار’ کے بعد سال 2000 میں شوبزکو خیرباد کہہ دینے والی عارفہ صدیقی نے 22 سال واپسی کرتے ہوئے خود سے 25 سال کم عمراپنے دوسرے شوہرموسیقاراورگلوکارتعبیر علی کے ساتھ گانا ریلیز کیا ہے۔ طویل عرصے بعد گلوکاری کرنے والی عارفہ کے علاوہ گانے ‘ کچھ بھی نہیں ‘ میں ان کے شوہر تعبیر کو بھی سنا جاسکتا ہے، میوزک ویڈیومیں بھی دونوں نے خود کام کیا ہے۔اس گانے کے بولوں کا انتخاب معروف شاعر جون ایلیا کے کلام سے کیا گیا ہے جو عارفہ اور ان کے شوہرکے پسندیدہ شاعر ہیں۔ گانا اس جوڑی کے یو ٹیوب چینل ‘عارفہ اینڈ تعبیرمیوزک’ پر3 اپریل کو ریلیزکیا گیا تھا جسے اب تک ڈیڑھ لاکھ کے قریب افراد سن چکے ہیں، اس کے علاوہ اس جوڑی کو ایک یوٹیوب چینل کو دیا جانے واالا انٹرویوبھی خوب وائرل ہے۔نوے کی دہائی سے قبل کم عمری میں ہی کیریئرکا آغاز کرنے والی عارفہ صدیقی ہمہ جہت ثابت ہوئیں، گلوکاری، اداکاری کے علاوہ ریڈیو پربھی کام کیا اورماڈلنگ بھی کرتی رہیں، تاہم اپنے عروج کے دور میں ہی انہوں نے خود سے 30 سال بڑے موسیقار وگلوکاراستاد نذرحسین سے شادی کی اور گھریلو زندگی بسر کرنے لگیں۔ جنوری 2018 میں استاد نذرحسین کے انتقال سے قبل تک عارفہ آخری دم تک ان کے ساتھ رہیں، اور بعد ازاں انہی کے ایک شاگرد تعبیرعلی سے دوسری شادی کی جو عارفہ سے 25 سال چھوٹے ہیں۔ عارفہ صدیقی کا کہنا ہے کہ شوبز سے دوری کے باوجود موسیقی سے ان کا رشتہ جڑا رہا تھا، ان کے مرحوم شوہراستاد نذرحسین اپنی ذات میں ایک اکیڈمی تھے جس سے کچھ نہ کچھ انہیں بھی سیکھنے کو ملا۔ شوبزکو خیرباد کہنے سے متعلق سوال پرعارفہ صدیقی کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان میں نجی ٹی وی چینلزکاآغازہوا تھا جو خاصی حد تک معیار پربھی اثراندازہوئے ، اب خاصی بہتری آچکی ہے لیکن ابھی بھی بہت ساایسا کانٹینٹ ہے جس پرکام نہیں کیاجارہا۔ خیال رہے کہ عارفہ صدیقی کی والدہ اداکارہ طلعت صدیقی بھی پی ٹی وی کے ڈراموں کا جانا پہچانا نام تھیں جو گزشتہ سال مئی 2021 میں انتقال کرگئیں، عارفہ کی خالہ زاد فریحہ پرویز بھی گلوکاری کرتی ہیں