مصطفیٰ نواز کھوکھر کی وزیر مملکت بننے سے معذرت

11:52 AM, 19 Apr, 2022

احمد علی

لاہور ( پبلک نیوز ) وفاقی وزیر کی بجائے وزیر مملکت کیوں بنایا؟ سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر دل برداشتہ ہوگئے. تفصیلات کے مطابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر من پسند وزارت نہ ملنے پر دل برداشتہ ہوگئے اور انہوں نے فی الحال وزیر مملکت کا عہدہ سنبھالنے سے معذرت کر لی۔ پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ اپنی جماعت سے درخواست کی ہے کہ فی الحال وزیر مملکت کا عہدہ نہیں سنبھال سکتا،اور اپنی ذاتی وجوہات کی بنا پر فی الحال وزیر مملکت بننے سے معذرت کی ہے، آنے والے انتخابات سے متعلق اپنی ذمہ داریوں پر فوکس رکھنا چاہتا ہوں.

وزیراعظم شہباز شریف کی 30 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا ہے. قائم مقام صدر اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے وزرا سے حلف لیا. حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں‌منعقد ہوئی.

خیال رہے کہ کابینہ سیکرٹریٹ نے وفاقی کابینہ کے ممبران کی حتمی فہرست جاری کی تھی۔ فہرست میں 30 وفاقی وزرا، 4 وزرائے مملکت اور 3 وزیراعظم کے مشیر شامل ہیں۔

ابتدائی کابینہ میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری شامل نہیں، تاہم وہ جلد ہی بیرون ملک سے واپسی پر حلف اٹھا کر وزیر خارجہ بنیں گے۔ فہرست کے مطابق مسلم لیگ ن کے 12 وفاقی وزراء، دو وزرائے مملکت اور دو مشیر جبکہ پیپلز پارٹی کے 9 وزراء، دو وزرائے مملکت اور ایک مشیر کابینہ میں شامل ہیں۔

وفاقی کابینہ میں‌ایم کیو ایم کے سید امین الحق آئی ٹی اور فیصل سبزواری بحری امور کے وزیر ہوں گے۔ جمعیت علمائے اسلام ف کے مولانا اسعد محمود مواصلات، مولانا عبد الواسع ہاؤسنگ جبکہ مفتی عبدالشکور مذہبی امور کے وزیر بنیں گے۔ جے یو آئی کے زاہد اکرم درانی کو ڈپٹی سپیکر بھی بنائے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سید خورشید شاہ آبی وسائل، نوید قمر تجارت، عبدالقادر پٹیل قومی صحت، شازیہ مری بینظیرانکم سپورٹ پروگرام، شیری رحمان موسمیاتی تبدیلی، مرتضیٰ محمد انڈسٹریز، ساجد طوری اوورسیز پاکستانیز، احسان مزاری بین الصوبائی رابطہ، عابد بھائیو نجکاری اور مصطفیٰ نواز کھوکھر وزیر مملکت برائے قانون و انصاف ہوں گے۔

جن وزراء کے قلمدان فائنل ہو چکے ہیں ان میں بلاول بھٹوزرداری وزیر خارجہ، حنا ربانی کھر وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہوں گی۔ رانا ثناء اللہ وزیر داخلہ، مریم اورنگزیب اطلاعات، احسن اقبال منصوبہ بندی ڈویژن، اعظم نذیر تارڑ وزیر قانون و انصاف ہوں گے۔ مفتاح اسماعیل خزانہ جبکہ قمر زمان کائرہ امور کشمیر کے مشیر ہوں گے۔

وزرائے مملکت میں مسلم لیگ ن کی عائشہ غوث پاشا اور عبدالرحمان کانجو پیپلز پارٹی کی حنا ربانی کھر اور مصطفیٰ نواز کھوکھر شامل ہیں۔ مسلم لیگ ن کے مفتاح اسماعیل اور امیر مقام جبکہ پیپلز پارٹی کے قمر زمان کائرہ بطور مشیر کام کریں گے۔

جمیعت علمائے اسلام کے حصے میں چار جبکہ ایم کیو ایم دو، بی این پی مینگل ایک، جمہوری وطن پارٹی ایک جبکہ مسلم لیگ ق کے طارق بشیر چیمہ کا نام بھی ابتدائی کابینہ میں شامل ہے۔

مزیدخبریں