اب آئین شکن اور گھڑی چور جیلوں میں جائیں گے
02:27 PM, 19 Apr, 2022
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ اب سینٹرل جیل کے حاضری رجسٹر کا صفہ پلٹ چکا ہے ، اب آئین شکن اور گھڑی چور جیلوں میں جائیں گے، عام آدمی ہو چاہے عمران خان جس پر بھی کرپشن ثابت ہوئی وہ قانون کے کٹہرے میں ہوگا۔ نومنتخب وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مجرم چار سال ملک پر مسلط اور بے گناہ جیلوں میں رہے ، اللہ تعالی نے اپنے کرم سے بے گناہوں کو عزت دی اور سرخرو کیا ، اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہوئے کہتا ہوں وتعزمن تشاءوتذل من تشاء. وزیر داخلہ نے کہا کہ کسی کو بھی بلاوجہ گرفتار نہیں کیا جائیگا اور نا ہی کوئی انتقامی کارروائیاں کی جائیگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی نے اپنی قدرت کا نظارہ آج عوام کو دکھایا ہے ، دوسروں کو رسوا کرنے کی کوشش کرنے والے خود خوار ہوگئے. خیال رہے کہ وفاقی کابینہ نے آج ہی حلف اٹھایا ہے اور کابینہ میں رانا ثنا اللہ بھی شامل ہیں جنہیں وزارت داخلہ کا قلمدان دیا گیا ہے۔