علی امین گنڈا پور کی چیک پوسٹ حملہ کیس میں ضمانت منظور

12:49 PM, 19 Apr, 2023

احمد علی
عدالت نے علی امین گنڈا پور کی ضمانت 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی ہے ۔ گذشتہ روز سرگودھا کی انسداد دہشت گردی عدالت نے علی امین گنڈا پور کے خلاف چیک پوسٹ حملہ کیس میں دہشت گردی کی دفعات ختم کردی تھیں ۔ عدالت نے مقدمہ بھکر کی عام عدالت میں منتقل کرنے اور ایک روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) رہنما کو بھکر کی مقامی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ علی امین گنڈا پور کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا ، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔ پولیس کی جانب سے علی امین گنڈا پور کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی اور مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی اور اسلحہ برآمد کرنا ہے۔ علی امین گنڈا پور کے وکلاء نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ دہشت گردی کا مقدمہ بنتا ہی نہیں۔ خیال رہے کہ تھانہ صدر بھکر پولیس نے علی امین گنڈا پور کے سکیورٹی گارڈز کی جانب سے 20 مارچ کو داجل چیک پوسٹ پر فائرنگ کے الزام میں انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت 11 دفعات کے تحت مقدمے کر رکھے ہیں۔
مزیدخبریں