اسرائیل نے حملہ کیا تو تل ابیب اور حیفہ کو تباہ کردیں گے،ایرانی صدر
05:17 PM, 19 Apr, 2023
ایرانی صدر ابراہم رئیسی نے دنیا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے حملہ کیا تو تل ابیب اور حیفہ کو تباہ کردیں گے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیل کو خبر دار کیا کہ ایران کے خلاف چھوٹی سے چھوٹی کارروائی سے مسلح افواج کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آئے گا جو حیفا اور تل ابیب کی تباہی کا سبب بنے گا۔ ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ایران متعدد مواقع پر اسرائیل پر اپنی جوہری تنصیبات اور سائنس دانوں کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کرچکا ہے جبکہ اسرائیل ایران پر جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش کا الزام لگاتا ہے جس کی تہران کئی مرتبہ تردید بھی کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے بارہا متنبہ کیا ہے کہ اگر ایران کے جوہری پروگرام کو روکنے کی سفارتی کوششیں ناکام ہوئیں تو وہ فوجی کارروائی کرے گا۔ایرانی صدر نے امریکی فوج کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہماری فوج کا غیرملکی افواج بالخصوص امریکی افواج کو یہ پیغام ہے کہ وہ جلد خطے سے نکل جائیں کیونکہ غیرملکی افواج کی موجودگی سے خطے کی سلامتی نہیں رہتی۔