(ویب ڈیسک ) مولانا طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی کوششوں سے روپیہ مستحکم ہوا اور حج 1 لاکھ روپے سستا ہوا ہے۔
چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے پریس کلب لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سال سعودی حکومت نے حج کے انتظامات گزشتہ سال سے شروع کر دیے تھے۔ حجاج کے 2 حصے ہیں ایک حکومتی کوٹہ ہے دوسرا نجی حجاج کا ہے، ابھی تک نجی طور پر حجاج بکنگ کروا رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اس سال نگران حکومت اور سپہ سلار نے حجاج کے لیے بھرپور کوششیں کیں، آرمی چیف کی کوششوں سے روپیہ مستحکم ہوا اور ایک لاکھ روپے حج سستا ہوا ہے۔
طاہر اشرفی نے بتایا کہ حج کی تربیتی نشستیں شروع ہوچکی ہیں ، حجاج کی تربیت کے لیے سعودی عرب سے درخواست کی تھی اس پر سعودی سفیر نے ہماری مدد کی ہے۔
چیئرمین پاکستان علماء کونسل کا کہنا تھا کہ 24 ہزار حجاج نجی سکیم کے تحت روڈ ٹو مکہ پر سعودی عرب جائیں گے، سعودی عرب کے ساتھ ہمارا ایمان اور عقیدے کا تعلق ہے۔انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان پر مشکل وقت آیا مملکت سعودی عرب ہمارے ساتھ کھڑا ہوا ہے۔
طاہر اشرفی نے کہا کہ ایک بہت بڑا سعودی وفد پاکستان آیا ہے پاکستان معاشی طور پر آگے جارہا ہے، مملکت سعودی عرب نے کبھی پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کی۔ پاکستان کے دوستوں کو اپنی سیاسی مصلحتوں کے لیے خراب نہ کریں، عربوں نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے۔