پی آئی اے پرواز دوبارہ کابل سے اسلام آباد پہنچ گئی
12:21 PM, 19 Aug, 2021
اسلام آباد (پبلک نیوز) پی آئی اے کا ایک خصوصی طیارہ دوبارہ کابل سے مسافر لے کر واپس پاکستان پہنچ گیا۔ پرواز صبح 7 بجے کابل سے اسلام آباد کےہوائی اڈے پر پہنچی۔ نئی حکومت بننے کے بعد یہ پہلی بین الاقوامی پرواز تھی۔ سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر اس پرواز کی واپس روانگی تک معلومات محدود رکھی گئیں۔ پرواز کے لیے پی آئی اے انتظامیہ، افغان حکومت، سول ایوی ایشن اور نیٹو حکام کے ساتھ لمحہ بہ لمحہ رابطے میں رہی۔ پی ائی اے کے سچوئیشن روم سے سی ای او پی آئی اے ارشد ملک نے براہ راست آپریشن کی نگرانی کی۔ مواصلاتی نظام کے استعمال سے پی آئی اے انتظامیہ، عملے اور زمین پر موجود سکیورٹی اداروں کے ساتھ منسلک رہی۔ وزیر اعظم پاکستان و دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیداران کو بھی مطلع رکھا گیا۔ پرواز میں پاکستانیوں، غیر ملکی سفارتی مشن اور اہم عالمی اداروں کے لوگوں کو ریسکیو کیا گیا۔ مسافروں کی ائیرپورٹ تک رسائی و اجازت نامے پی آئی اے کے کابل میں موجود زمینی عملے نے انتظامات کیے۔ سی ای او پی آئی اے ارشد ملک و دیگر اعلیٰ انتظامیہ نے پرواز کا استقبال خود ائیرپورٹ پر پہنچ کر کیا۔ اس اہم پرواز کو آپریٹ کرنے والے عملے کو شاباش دی اور مسافروں کو خوش آمدید کہا۔ مسافروں نے بھی پی آئی اے کے عملے کے جذبے اور محنت کو سراہا۔