ویب ڈیسک: پاکستان کے سب سے بڑے پراپرٹی بزنس ٹائیکون ملک ریاض جو آج کل مشکل حالات کے گھیرے میں ہیں، نے انتہائی اقدام کی دھمکی دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر حال ہی میں ملک ریاض حسین کی ایک آڈیو وائرل ہے، جس میں بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض حسین کسی کو مخاطب کرکے پنجابی زبان میں گفتگو کر رہے ہیں۔
فیس بک پر زیر گردش مختصر دورانیے کا یہ آڈیو کلپ بظاہر واٹس ایپ کا وائس نوٹ ہے، جس میں انہیں تشویش بھرے لہجے میں گفتگو کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔
ملک ریاض حسین اپنی گفتگو میں نامعلوم شخص کو مخاطب کرکے کہتے ہیں کہ یہ جو کچھ کر رہے ہیں، یہ بالکل ٹھیک نہیں ہے۔
آگے وہ کہتے ہیں کہ مجھے انتہائی اقدام پر مجبور کیا جا رہا ہے، وہ جانتے ہیں کہ میں جو کچھ کروں گا اس سے ملک میں زلزلہ آئے گا۔
ملک ریاض کا کہنا ہے کہ جتنا مجھے پتا ہے اور جتنا میں تمام چیزوں میں انوالو رہا ہوں، یہ وہ بھی جانتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میں نے راز اگل دیے تو بات بہت دور تک جائیے گی۔
ملک ریاض کا اپنے وائس نوٹ میں مزید کہنا ہے کہ میں نے سب کچھ پہلے سے ریکارڈ کرکے رکھا ہوا ہے۔ آگے وہ کہتے ہیں کہ میں انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے اپنی جان بھی لے سکتا ہوں، پھر جو کچھ ہوگا یہ جانیں اور ان کا کام جانے۔