سوشل میڈیا اسٹار عون علی کھوسہ گھر واپس پہنچ گئے

11:53 AM, 19 Aug, 2024

ویب ڈیسک: سوشل میڈیا اسٹار اور کامیڈین عون علی کھوسہ گھر واپس پہنچ گئے ہیں، یومِ آزادی کے موقع پر بجلی کے بھاری بلوں کے حوالے سے ’بل بل پاکستان‘ گانا بنانے والے معروف یوٹیوبر کو کچھ روز قبل مبینہ طور پر نامعلوم افراد کی جانب سے حراست میں لیا گیا تھا اور 2 روز قبل یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ ان کے یوٹیوب چینل سے مذکورہ گانا بھی ڈیلیٹ کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے 15اگست کو عون کھوسہ کے بھائی علی شیر کھوسہ نے سماجی رابطوں کی سائیٹ ایکس پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ آدھی رات کو نامعلوم مسلح افراد نے ان کے بھائی عون کھوسہ کو حراست میں لے لیا ہے۔ تاہم، آج انہوں نے اور ان کی وکیل خدیجہ صدیقی نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ الحمد اللہ عون علی گھر واپس آچکے ہیں۔

خیال رہے 14 اگست سے قبل عون علی کھوسہ نے ایک گانا ریلیز کیا جس کا عنوان ’بل بل پاکستان‘ تھا، جو دیکھتے ہی دیکھتے عوام میں مقبول ہوگیا تھا۔ تاہم، 15 اگست کو نامعلوم افراد کی جانب سے ان کو مبینہ طور پر حراست میں لے لیا گیا تھا جس پر حامد میر اور عمران ریاض سیمت دیگر صحافیوں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز نے آواز اٹھائی اور معاملہ عدالت تک لے گئے۔

لاہور ہائیکورٹ نے کامیڈین عون علی کھوسہ کو بازیاب کروا کے پیش کرنے کا حکم دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی نے کامیڈین عون علی کھوسہ کی بازیابی سے متعلق عون علی کھوسہ کی اہلیہ بینش کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور کو 20 اگست تک کامیڈین عون علی کھوسہ کو بازیاب کروا کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

مزیدخبریں