الیکشن میں حصہ لینے پر کسی شہری پر کوئی پابندی نہیں، انوار الحق کاکڑ

07:48 PM, 19 Dec, 2023

احمد علی
کوئٹہ: نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئین کے تحت کسی کو بھی ملیشیا بنانے کی اجازت نہیں، 8 فروری کے الیکشن میں حصہ لینے پر کسی شہری پر کوئی پابندی نہیں۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کی یونیورسٹیوں کے طلبا و طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے طلبہ کے ساتھ بات کر کے بےحد خوشی ہو رہی ہے، پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی لحاظ سے ملک میں ترقی کے بےشمار مواقع ہیں، ملکی آبادی کا 65 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں جو ملکی ترقی کی راہ متعین کریں گے۔ نگران وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا کی ایک بڑی آبادی اس خطے میں رہائش پذیرہے، آئندہ دس برسوں میں چین اور خطے کے ملکوں میں 36 ٹریلین ڈالر کی تجارت متوقع ہے۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ سوا مہینے بعد میرا حکومت میں کردار ختم ہو جائے گا، منصب سے فارغ ہونے کے بعد اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا، ایک فعال جمہوریت ملک میں سیاسی استحکام لاتی ہے۔ نگران وزیر اعظم نے کہا کہ کوالٹی ایجوکیشن کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، معیاری تعلیم ہماری ترجیح ہے، ہمیں سکولوں میں داخلے کی شرح کو بڑھانا ہوگا، ٹیکس اکٹھا کرنا اور اس کا موثر انداز میں استعمال بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے زندہ رہنے کے لیے پانی، ہوا لازمی ہے اسی طرح تعلیم بھی ضروری ہے، انسانی معاشرے کی تشکیل علم کے زیور سے آراستہ کرنے میں ہے۔
مزیدخبریں