شوہر کی معشوقہ سے کروڑوں روپے لینے کے بعد بیوی طلاق سے مکر گئی

10:22 AM, 19 Dec, 2024

ویب ڈیسک: یہ واقعہ چین میں اس وقت پیش آیا جب ایک خاتون نے اپنے شوہر سے طلاق لینے کے بدلے میں ساڑھے چار کروڑ روپے سے زائد کی رقم وصول کی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ رقم ملنے کے بعد اس نے طلاق دینے سے انکار کردیا۔ خاتون کے شوہر کی محبت میں گرفتار دفتر کی ایک ساتھی نے ان کی بیوی کو 2022 میں 12 لاکھ یوان کی رقم ادا کی۔

اگرچہ اہلیہ نے اپنی مرضی سے طلاق کی فیس قبول کی لیکن بعد میں طلاق سے مکر گئی جس کے بعد ایک دوسری خاتون، جو ہان کی دفتر کی ساتھی ہے، رقم کی واپسی کے لیے عدالت گئی، لیکن عدالت نے اس کی درخواست مسترد کردی۔

ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق ہان نامی شخص نے یینگ سے 2013 میں شادی کی تھی اور ان کی دو بیٹیاں ہیں۔ بعد ازاں ہان اپنی دفتر کی ساتھی شی کی محبت میں مبتلا ہوگئے۔

شی ایک ڈیل لے کر یینگ کے پاس پہنچیں اور ہان کو طلاق دینے کی صورت میں ان کو 20 لاکھ یوان (ساڑھے سات کروڑ روپے سے زائد) دینے کی پیش کش کی۔ شی نے 2022 کے آخر میں یینگ کے اکاؤنٹ میں 12 لاکھ یوان منتقل کیے جس کے بعد یینگ طلاق دینے سے مکر گئی۔

شی ایک سال تک یینگ کو منانےکی کوشش کرتی رہی۔ لیکن ناکامی کی صورت میں شی نے اپنے پیسے واپس دینے کا مطالبہ کیا جس کو یینگ نے مسترد کر دیا۔ شی نے یینگ کے خلاف مقدمہ دائر کیا لیکن عدالت کا فیصلہ بھی اس کے حق میں نہیں گیا۔

پٹیشن میں شی نے دعویٰ کیا کہ ان کے اور یینگ کے درمیان زبانی معاہدہ ہوا تھا اور انہوں نے درخواست کی کہ عدالت یینگ کو ان کے پیسے واپس کرنے کا حکم دے۔

عدالت نے شی کی درخوات سننے کے بعد نہ صرف ان کے خلاف فیصلہ دیا بلکہ اب ہان اور شی کے درمیان طلاق کا عمل جاری ہے اور دونوں ’کولنگ آف‘ دور سے گزر رہے ہیں۔

مزیدخبریں