ضمنی الیکشن :دو قومی ، دو صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر پولنگ جاری

07:28 AM, 19 Feb, 2021

احمد علی

 پبلک نیوز : قومی و صوبائی اسمبلی کی دو دو نشستوں پر ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا آغاز ہوگیا، چاروں حلقوں میں پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق ڈسکہ ضلع سیالکوٹ میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 75 کےلیے ضمنی الیکشن کا میدان سج چکا ہے جبکہ پی پی 51 وزیرآباد میں بھی ضمنی انتخابات جاری ہیں۔ قبائلی ضلع کرم خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 45 میں بھی ضمنی الیکشن ہورہا ہے جبکہ قومی اسمبلی کےلیے حلقہ 63 نوشہرہ میں بھی انتخابی دنگل سج گیا۔

این اے 75

ذرائع کا کہنا ہے کہ این اے 75 میں مسلم لیگ نواز کی سیدہ نوشین اور پاکستان تحریک انصاف کے اسجد ملہی کے درمیان کڑا مقابلہ ہے جبکہ تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے محمد خلیل سندھو بھی قومی اسمبلی کے امیدوار ہیں۔ الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ حلقے میں 7 امیدوار آزاد حیثیت سے بھی الیکشن میں شریک ہیں جبکہ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد چار لاکھ 94 ہزار 3 ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ضمنی الیکشن کےلیے حلقے میں 360 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جس میں سے 25 انتہائی حساس اور 155 پولنگ اسٹیشن کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی مذکورہ نشست مسلم لیگ نواز کے ایم این اے افتخار الحسن کی وفات کے باعث خالی ہوئی تھی۔

پی پی 51

پنجاب اسمبلی کے حلقہ 51 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد دو لاکھ 53 ہزار 949 ہے، جس میں سے مرد ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 38 ہزار 661 اور خواتین رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ پندرہ ہزار 288 ہے۔ الیکشن کمیشن نے حلقے میں پولنگ اسٹیشن کی تعداد 162 جبکہ پولنگ بوتھ کی تعداد 423 بتائی ہے۔ ذرائع کے مطابق پی پی 51 سے ن لیگ کے طلعت محمود الیکشن میں شریک ہیں جبکہ حکمران جماعت کی جانب سے چوہدری محمد یوسف امیدوار ہیں۔ خیال رہے کہ شوکت منظور چیمہ کی وفات کے باعث پنجاب اسمبلی کے حلقہ 51 کی نشست خالی ہوئی تھی۔

پی کے 63

خیبر پختونخوا کی اسمبلی پی کے 63 میں بھی انتخابی دنگل سج چکا ہے، مذکورہ حلقے میں ووٹوں کی تعداد 1419334 ہے جس میں سے مرد ووٹرز کی تعداد 79063، خواتین ووٹرز کی تعداد 62871 ہے۔ حلقے میں پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 102 ہے جس میں سے 39 پولنگ اسٹیشنز حساس ترین اور 35 حساس قرار دئیے گئے ہیں، مرد ووٹرز کیلئے 52 ،خواتین ووٹرز کیلئے 47 اور 3 پولنگ اسٹیشن مشترکہ ہیں۔

مزیدخبریں