عوام کو "مہنگا ترین وزیراعظم" قبول نہیں: شہباز شریف
01:23 PM, 19 Feb, 2022
لاہور ( پبلک نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ پٹرول بم گرانے کے بعد اب بجلی 6 روپے سے زائد مہنگی کی جارہی ہے، عوام کو " مہنگا ترین وزیراعظم" قبول نہیں، عمران نیازی گھر جائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی پٹرول، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیں، عوام کی مزید بددعائیں نہ لیں۔ خدا کا خوف کریں۔ پہلے ہی پٹرول میں ظالمانہ اضافے سے آٹا چینی، کرائے سمیت ہر چیز کی قیمت کو آگ لگ چکی ہے۔ پٹرول کی فی لیٹر قیمت 12 روپے اضافے کے بعد پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں 4 روپے اضافہ عوام پر ایک اور ظلم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت آئی ایم ایف کے مفاد میں قانون سازی کرلیتی ہے لیکن عوام کے ریلیف کے لئے دوتہائی کا جھوٹ گھڑلیتی ہے۔ عمران نیازی اتحادیوں کو وزارتوں کا ریلیف دے سکتے ہیں لیکن عوام کو ریلیف دینے کے لئے کچھ نہیں؟ رواں مالی سال کے سات ماہ میں خام تیل اور آئل امپورٹ بل 11.7 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچنا تباہی کا تسلسل ہے۔ انرجی امپورٹس میں 125 فیصد کا ہوشربا اضافہ باعث تشویش ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری پریشان ، عوام بے حال اور حکمران حالت انکار میں ہیں۔ حکومت کو عالمی منڈی میں صرف اضافہ نظر آتا ہے۔ کمی نظر نہیں آتی۔ عوام کو ریلیف تو نہ مل سکا، پونے چار سال سے حکومت صرف بہانے اور پیسے بنارہی ہے۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے کی نہ نیت رکھتی ہے نہ اہلیت، اس سے نجات سے ہی عوام کو ریلیف مل سکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک اور عوام کا معاشی دیوالیہ اور حکمرانوں کی آمدن میں اضافہ ہوچکا ہے۔ حکمران مہنگائی کو قابو کرنے کے بجائے مخالفین اور ناقدین کو قابو کرنے میں مصروف ہے جو افسوسناک ہے۔ عوام کا چولہا نہیں جل رہا بلکہ ان کا دل جل رہا ہے، عوام کی سانس بند کرنے والے اقتدار میں رہنے کا حق کھو چکے ہیں۔ عوام صرف اور صرف عمران نیازی سے نجات چاہتی ہے، عوام کی خواہشات کو ہم پورا کریں گے۔