'مہنگائی کا دوسرا نام عمران خان ہے، دونوں کواٹھاکرباہرپھینکیں گے'

12:44 PM, 19 Feb, 2023

احمد علی
راولپنڈی : مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ مہنگائی کا دوسرا نام عمران خان ہے، مہنگائی اورعمران خان دونوں کواٹھاکرباہرپھینکیں گے۔ مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کےتنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنڈی کا ہرمنصوبہ نوازشریف اور شہبازشریف کی محبت کی گواہی دے رہا ہے۔ ایک ایسے حکمران بھی رہے جو4 سال چھپ کر بنی گالہ میں رہے، نواز شریف خدمت میں مصروف رہا اور وہ گھڑیاں چوری کرنے میں مصروف رہا۔ مریم نواز نے کہا کہ مشکلات پیدا کرکے کوئی اور جاتا ہے اور اسے ٹھیک نواز شریف کرتے ہیں، جب وہ مشکلات ٹھیک کردیتے ہیں اسے نکال دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب جب نواز شریف کو ملک ملا تیزی سے نیچے جاتا ہوا پاکستان ملا۔ (ن) لیگ کی چیف آرگنائزر کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں کہ ہمارا مقابلہ عمران خان سے نہیں مہنگائی سے ہے، مہنگائی کا دوسرا نام عمران خان ہے۔ عمران خان نہیں تھا تو ملک میں مہنگائی بھی نہیں تھی، جب نواز شریف حکومت میں تھے تو روٹی 5 روپے، چینی 50روپے، آٹا 35 روپے اور گھی 140 روپے فی کلو سے زیادہ نہیں تھا، جب سے عمران خان آیا مہنگائی پاکستان سے جانے کا نام نہیں لےرہی، مہنگائی اور عمران خان کو اکٹھا اٹھاکر باہر پھینکیں گے۔ رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ عمران خان بارودی سرنگیں آئی ایم ایف کی شکل میں بچھاکر گیا ہے، معیشت صرف زمان پارک کی ٹھیک ہوئی ہے،ملک کی معیشت تباہ ہوگئی ہے، آئی ایم ایف سے مذاکرات میں اسحاق ڈار کو نہیں بلکہ عمران خان کو بٹھانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت کو ٹھیک ہونے میں چند سال لگیں گے، اگر اسے مسلم لیگ (ن) ٹھیک نہیں کرسکتی تو پھر کوئی بھی ٹھیک نہیں کرسکتا۔ مریم نواز نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آڈیوز تمہاری لیک ہورہی ہے اور ججز کے خلاف مہم ن لیگ چلارہی ہے؟ نوازشریف نے تو 200 پیشیاں بھگتیں، عمران خان کو عدالت بلاتی ہے تو کہا جاتا ہے میری ٹانگ خراب ہے، وہ کون سا پلاستر ہے جو 5 ماہ سے اترنے کا نام نہیں لے رہا، وہ قانون کے آہنی ہاتھ جو نواز شریف کے لیے فولاد کے ہوتے تھے، قانون کے ہاتھ عمران خان کے لئے نرم کیسے ہوگئے ۔ چیف آرگنائزر ن لیگ کا مزید کہنا تھا کہ جس دن رانا ثنا اللہ نے گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا عمران خان کو بچانے والا کوئی نہیں ہوگا، ہم کسی سے انتقام نہیں لینا چاہتے۔
مزیدخبریں