آڈیو لیکس کیس:کیوں نہ سینئرافسران کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں،عدالت

10:49 AM, 19 Feb, 2024

ویب ڈیسک: آڈیو لیکس کیس میں عدالتی حکم کے باوجود سینئر افسران پیش نہ ہوئے۔جسٹس بابر ستار نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کیوں نہ ان افسران کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں،ان افسران نے خود سے کیسے طے کر لیا کہ وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔

 تفصیلا ت کے مطابق سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کے بیٹے اور بشریٰ بی بی کی درخواستوں پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے کی۔

چیئرمین پی ٹی اے، چیئرمین پیمرا، ڈی جی آئی بی اور ڈی جی ایف آئی اے کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔

جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیئے کہ کیوں نہ ان افسران کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں،ان افسران نے خود سے کیسے طے کر لیا کہ وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ڈی جی ایف آئی اے بیمار ہیں، پیش نہیں ہو سکے، ڈی جی آئی بی کی جگہ ڈپٹی ڈی جی پیش ہوئے ہیں۔

جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیئے کہ جو افسران بیمار ہیں وہ آئندہ سماعت پر اپنی میڈیکل رپورٹس پیش کریں۔

ایف آئی اے کی جانب سے ڈائریکٹر وقار الدین سید عدالت میں پیش ہوئے بعدازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ عدالت نے آڈیو لیکس کیس میں چیئرمین پی ٹی اے، چیئرمین پیمرا، ڈی جی آئی بی اور ڈی جی ایف آئی اے کو آج طلب کر رکھا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور سی پی این ای کے نمائندگان کو بھی بلایا تھا۔

مزیدخبریں