ویب ڈیسک: گزشتہ رات شادی کی تقریب میں فائرنگ سے جاں بحق امیر بالاج ٹیپو کاپوسٹ مارٹم مکمل ، میت ورثا کے حوالے کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق امیر بالاج ٹیپو کی ڈیڈ باڈی کو ان کی آبائی رہائش گاہ واقع بانساں والا بازار لاہور پہنچا دیا گیا۔
امیر بالاج ٹیپو کی نماز جنازہ نماز عصر کے بعد ادا مسجد شب بھر چوک شاہ عالم مارکیٹ میں ادا کی جائے گی۔
یاد رہے اتوار کی رات کو دیر گئے لاہور کے تھانہ چوہنگ کی حدود میں ایک نجی سوسائٹی میں فائرنگ کے نتیجے میں بالاج ٹیپو فائرنگ سے زخمی ہو گئے اور انہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم پولیس کے مطابق خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے ان کی موت واقع ہوگئی۔
فائرنگ سے امیر بالاج ٹیپو سمیت عثمان اکبر اور فردین بٹ زخمی ہوئے تھے۔ زخمی ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
بالاج ٹیپو لاہور کے انڈر ورلڈ کے سابق ڈان عارف امیر عرف ٹیپو ٹرکاں والے کے بیٹے اور بلا ٹرکاں والے کے پوتے تھے۔
ان کے والد عارف امیر عرف ٹیپو ٹرکاں والے کو خرم اعجاز نامی ملزم نے 2010 میں لاہور ایئرپورٹ کی پارکنگ میں فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔ جبکہ ان کے دادا بلا ٹرکاں والے کو عبدالوحید نامی شخص نے ان کے ڈیرے پر گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔
بالاج شادی کی ایک تقریب میں اپنے گن مینوں کے ہمراہ موجود تھے کہ اس دوران ایک حملہ آور نے ان پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ سے بالاج ٹیپو سمیت تین لوگ زخمی ہوئے جبکہ ان کے گن مینوں کی فائرنگ سے حملہ آور موقع پر مارا گیا۔