(ویب ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کو قومی اور پنجاب اسمبلی کی ایک ایک مزید نشست مل گئی۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 12کوہستان سے آزاد رکن محمد ادریس اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 242 بہاولنگر سے منتخب رکن کاشف نویدپنسوتہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہبازشریف سے محمد ادریس اور کاشف نوید پنسوتہ نے الگ الگ ملاقات کی۔ ملاقات میں مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام ،خواجہ سعد رفیق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، عطاءاللہ تارڑاورملک محمد احمد خان بھی موجود تھے۔
شہبازشریف نے محمد ادریس اور کاشف نوید پنسوتہ کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارک دی، دونوں نے قائد محمد نوازشریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
محمد ادریس اور کاشف نوید پنسوتہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) ہی ملکی مسائل کا حل ہے، عوام اور سپورٹرز کی حمایت سے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔
اس موقع پر شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا جذبہ لائق تعریف ہے، عوام اور آپ کی توقعات پر پورا اتریں گے، پاکستان کو معاشی خطرات سے بچانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہوئے مسائل کے حل کی اجتماعی سوچ درکار ہے، تعاون اور برداشت کے قومی جذبے سے ہی مسائل کا مقابلہ کیاجاسکتا ہے، مقابلہ الیکشن میں تھا، اب متحد ہوکر پاکستان کو درپیش مسائل کا مقابلہ کرنا ہوگا، انتخابی میدان میں مقابلے کے جذبے کو اب پارلیمان میں تعاون کے جذبے میں بدلنا ہے۔