سکول بند ہونگے یا نہیں؟ این سی او سی کا وضاحتی بیان جاری

05:23 AM, 19 Jan, 2022

Rana Shahzad
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی) نے ملک بھر میں تمام پرائمری سکولوں کی بندش سے متعلق زیر گردش خبر کو جعلی قرار دیتے ہوئے وضاحت کر دی ہے۔ این سی او سی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بیان میں کہا کہ ‘جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ پر پرائمری سکولوں کی بندش کی جھوٹی خبر گردش کر رہی ہے’۔ بیان میں کہا گیا کہ ‘وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ کے ذریعے اس اکاؤنٹ کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے’۔ سوشل میڈیا پر زیر گردش این سی او سی کے جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ میں اعلان کیا گیا تھا کہ ‘پاکستان میں تمام پرائمری اسکول تاحکم ثانی بند رہیں گے’۔ ٹویٹ میں کہا گیا تھا کہ ‘ این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے اور مزید فیصلوں سے جلد ہی آگاہ کردیا جائے گا’۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز این سی او سی نے کورونا وائرس کی پانچویں لہر کے پیش نظر تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلے کو مؤخر کردیا تھا۔ https://twitter.com/OfficialNcoc/status/1483439079857471489?s=20 این سی او سی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق فیصلہ کیسز کی مثبت شرح کو دیکھ کر کیا جائے گا۔ اسی طرح سندھ میں کورونا وائرس کے ویرینٹ ’اومیکرون‘ کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر حکومت نے ایس او پیز پر عمل درآمد میں سختی برتنے کے ساتھ تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ تین روز قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس کےاجلاس میں صوبے میں تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رکھتے ہوئے اسکول کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
مزیدخبریں