وزیراعظم نے پنجاب کے 5 شہروں میں ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی
11:19 AM, 19 Jan, 2022
پبلک نیوز: وزیراعظم نے پنجاب کے 5 شہروں میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز دے گی۔ فیصلہ وزیراعظم کی زیر صدارت شہروں کی ماسٹر پلاننگ سے متعلق اجلاس میں ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت پانچوں شہروں کی ماسٹر پلاننگ کی منصوبہ بندی کرے گی۔ وفاقی حکومت فنڈز کے اجراء میں پنجاب حکومت سے بھرپور تعاون کرے گی۔ پنجاب میں لوکل گورنمنٹ انتخابات 15 مئی سے شروع ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم نے پارٹی سے پانچوں شہروں کے ممکنہ میئرز کی تفصیلات طلب کر لیں۔ ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی مربوط پلان سے بلدیاتی انتخابات میں اترے گی۔ بلدیاتی انتخابات کا سلسلہ مئی سے جون تک جاری رہے گا۔