بابر اعظم آئی سی سی ٹیم آف دی ائیر کے کپتان مقرر

11:20 AM, 19 Jan, 2022

Rana Shahzad
بابر اعظم کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹیم آف دی ائیر کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی مینز ٹیم آف دی ائیر کا اعلان کیا گیا ہے جس میں محمد رضوان آئی سی سی ٹیم کے وکٹ کیپر جبکہ شاہین شاہ آفریدی بطور فاسٹ بولر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ بابر اعظم سال بھر بلے بازی سے حاوی رہے، مجموعی طور پر بابراعظم نے 29 میچ کھیلے اور 37.56 کی اوسط سے ایک سنچری اور نو نصف سنچریوں کے ساتھ مجموعی طور پر 939 رنز بنائے۔ ان کی کپتانی کو بھی سراہا گیا کیونکہ انہوں نے اپنی ٹیم کو UAE اور عمان میں T20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک پہنچایا۔ محمد رضوان کے لیے 2021 ناقابل فراموش تھا، رضوان نے کئی ریکارڈ توڑے، وہ ایک سال میں کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں 2000 سے زیادہ رنز بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے۔ مزید یہ کہ وکٹ کیپرمحمد رضوان نے صرف 29 میچوں میں 73.66 کی اوسط اور 134.89 کے اسٹرائیک ریٹ سے حیران کن 1326 رنز بنائے۔ شاہین آفریدی کے لیے بھی یہ ایک یادگار سال تھا، شاہین آفریدی نے 21 میچوں میں 26.04 کی اوسط اور 7.86 کی اکانومی سے 23 وکٹیں حاصل کیں۔تینوں پاکستانی کھلاڑی کے علاوہ جنوبی افریقہ کے تین، آسٹریلیا کے دو اور انگلینڈ، سری لنکا اور بنگلہ دیش سے ایک ایک کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جن میں جوز بٹلر، ایڈن مارکرم، میچل مارش، ڈیوڈ ملر، تبریز شمسی، جوش ہیزل ووڈ، وانندو ہسارنگا اور مستفیض الرحمان بھی شامل ہیں۔ خیال رہے کہ ٹیم آف دی ائیر میں بھارت کا کوئی کرکٹر ٹیم میں شامل نہیں ہے۔
مزیدخبریں