وزیر اعظم سے روسی وزیر توانائی کی ملاقات، روسی صدر کا خصوصی پیغام پہنچایا
03:53 PM, 19 Jan, 2023
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے روس کے وزیر توانائی نکولے شولگینوف کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے روس کے وزیر توانائی نکولے شولگینوف کی قیادت میں وفد نے آج لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔ وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور روس کے باہمی تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ستمبر 2022 میں سمرقند میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ اپنی ملاقات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات میں پاکستان اور روس کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے تھے۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی معاملات میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ روس کے وزیر توانائی نے وزیر اعظم کو روسی صدر ولادی میر پیوٹن کا خصوصی پیغام پہنچایا۔ صدر پیوٹن نے اپنے پیغام میں پاکستان کو جنوبی ایشیا اور عالم اسلام میں روس کا اہم پارٹنر قرار دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے روس کی بھرپور دلچسپی کا اعادہ کیا۔ دونوں اطراف نے دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کی ترقی کے لیے توانائی کے شعبے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ اس سلسلے میں روس سے پاکستان کو طویل المدتی بنیادوں پر تیل اور گیس کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گیس پائپ لائنز سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے 20 جنوری 2023 کو اسلام آباد میں ہونے والے پاک روس بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس کے آٹھویں دور کے کام کے حوالے سے خیالات کا اظہار کیا۔