کیا انتخابی مہم چلانا صرف میرا اکیلی کا کام تھا؟ مریم نواز کا سوال
07:57 AM, 19 Jul, 2022
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نوا ز شریف نے پارٹی قیادت سے کہا ہے کہ کیا انتخابی مہم چلانا صرف میرا اکیلی کا کام تھا؟ جو مجھ سے ہوسکا پارٹی قیادت اور آپ کی ہدایت پر بھرپور مہم چلائی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی زیر صدارت لندن میں اہم اجلاس ہوا. اجلاس میں اسحاق ڈار،سعود مجید،شیزا خواجہ اور مقامی قیادت نے شرکت کی۔ جس میں ضمنی الیکشن میں شکست کی وجوہات سے آگاہ کیا گیا۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں مریم نواز نے سوال کیا کہ کیا انتخابی مہم چلانا صرف میرا اکیلی کا کام تھا؟ جو مجھ سے ہوسکا پارٹی قیادت اور آپ کی ہدایت پر بھرپور مہم چلائی۔اس پر مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا کہ آپ نے شاندار اور بھرپور مہم چلائی آپ کو شاباش دیتا ہوں، ہمیں پتہ ہے کہ امیدواروں کے انتخاب میں مقامی رہنما اور ٹکٹ ہولڈرز ناراض تھے، مہنگائی اور پرانے ٹکٹ ہولڈرز کو ٹکٹ نہ دینا بڑی وجہ بنے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر اب نئی حکمت عملی بنائیں گے، عمران نیازی کے جیتنے کے باوجود الیکشن کمیشن پر اعتراض کھسیانی بلی کھمبا نوچنے کے مترادف ہے۔مسلم لیگ ن کے قائد نے مزید کہا کہ پارٹی کے وفادار اور اپنے حلقوں میں مضبوط امیدوار ہماری ترجیح ہیں۔