یوم الحاق پاکستان: وزیراعظم کا کشمیریوں کے عزم آزادی کو سلام
08:39 AM, 19 Jul, 2022
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 19 جولائی کو ہر سال کشمیری قرارداد یوم الحاق پاکستان کے طور پر مناتے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے پیغام میں کہا ہے کہ اس تاریخی دن پر پاکستان سے الحاق کی قرارداد منظور کی گئی تھی۔سرینگر کے مقام پر تاریخی قرارداد الحاق پاکستان کی منظوری کے بعد آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام نے ایک بڑی جنگ آزادی لڑی تھی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل اور استصواب رائے کے منصفانہ حق کے حصول تک پاکستان کشمیریوں کی ہر ممکن مدد کرتا رہے گا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کشمیریوں نے آزادی کی بے مثال جنگ کرکے ریاست کے ایک حصے کو ڈوگرہ مہاراجہ کے ظالمانہ شکنجے سے آزاد کرایا تھا۔ کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کی 1947ء سے شروع ہونے والی جدوجہد آج بھی جاری ہے۔9 لاکھ سے زائد بھارتی قابض فوج کشمیریوں کا عزم آزادی متزلزل کرنے میں ناکام رہی ہے۔مگر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کشمیریوں کے جذبہ آزادی میں بے پناہ اضافہ ہی ہو اہے۔