حکومت بلوچستان ، گوگل کے درمیان نوجوانوں کو گوگل سکالرشپ ، انٹرن شپ سے متعلق معاہدہ

05:15 PM, 19 Jul, 2023

احمد علی
لاہور: بلوچستان کے نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبہ میں مہارت کی فراہمی کے حوالے سے بلوچستان حکومت اور گوگل کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے۔ حکومت بلوچستان اور گوگل کے درمیان بلوچستان کے نوجوانوں کو گوگل سکالرشپ اور انٹرن شپ کے حوالے سے معاہدہ کیا گیا ہے۔ گوگل صوبائی محکمہ اطلاعات کی ڈیجیٹلائزیشن میں معاونت بھی فراہم کرے گا ۔صوبائی وزیر خزانہ زمرک خان اچکزئی اور چیف سیکریٹری عبدالعزیز عقیلی نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔مفاہمتی یاداشتوں پر سیکریٹری آئی ٹی طیب لہڑی سیکریٹری اطلاعات محمد حمزہ شفقات اور گوگل ٹیم لیڈر عمر فاروق نے دستخط کئے۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری نے کہا کہ بلوچستان حکومت اور گوگل کے مابین معاہدہ اہم پیش رفت ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان صوبے کے نوجوانوں کو باوقار روزگار کی فراہمی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو ہر شعبہ میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں ۔اس سال مئی میں گوگل نے بلوچستان کے نوجوانوں کےلئے 1000سکالر شپ دیئے تھے۔ اس پروگرام میں 900 سے زائد نوجوانوں نے انرولمنٹ کرائی ۔ معاہدے کی تفصیلات سے سے متعلق سیکریٹری اطلاعات محمد حمزہ شفقات نے بتایا کہ گوگل کی جانب سے مزید 2000 سکالر شپ دیئے گئے ہیں ان میں لڑکیوں اور لڑکوں کے لئے ایک ایک ہزار سکالر شپ شامل ہیں۔ انٹرن شپ کے حامل نوجوانوں کی انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن ہوگی جس ان کو آن لائن جاب حاصل کرنے میں مدد ملےگی اور انٹرنیز ماہانہ ایک ہزار ڈالر تک کمانے کے قابل ہوں گے۔
مزیدخبریں