ملک کو چلنے دو،ترقی شروع ہونے پر کچھ لوگوں کو تکلیف ہونے لگتی ہے،  مریم نواز

11:34 AM, 19 Jul, 2024

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جیسے ہی ملک ترقی کرنے لگتا ہے تو کچھ لوگوں کو تکلیف ہونے لگتی ہے۔ ملک کو چلنے دو۔ واضح کرتی ہوں کہ حکومت مدت پوری کرے گی۔  

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں ماڈل بازار کی اپ گریڈیشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی نے عدم استحکام کی کوشش کی تو آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔ 

کہتے ہیں کہ ہمیں ضمیر کے مطابق فیصلے کرنے ہیں۔ آپ کو ضمیر کے مطابق نہیں آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کرنے ہوتے ہیں۔ آپ کا ضمیر بکا ہوا ہے تو ہم کیا کریں۔

سپریم کورٹ کے ججز نے آئین کو ری رائٹ کیا ہے۔ پی ٹی آئی کو وہ کچھ بھی پلیٹ میں رکھ کر دیدیا جو انہوں نے مانگا ہی نہیں تھا۔ ایک جماعت کو نوازنے کیلئے آئین کو ری رائٹ کیا گیا۔

کہا جاتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ایک سال سے جیل میں قید ہے۔ تو وہ اپنی حرکتوں کی وجہ سے قید میں ہے۔ کس نے نہیں دیکھا کہ اس نے ملک میں آگ لگائی۔ 

ن لیگ کی حکومت جب بھی آئی ملک میں ترقی کا سفر شروع ہوا۔ گزشتہ حکومت میں قائد نواز شریف نے آئی ایم ایف کو اللہ حافظ کہا تھا۔ اس ملک میں دوبارہ آئی ایم ایف کو کون لایا؟ یہ وہی تھا جو اب اڈیالہ جیل میں قید ہے۔ 

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے ججز نے آئین کو ری رائٹ کیا اور جو مانگا نہیں گیا تھا عطا کردیا۔ سپریم کورٹ نے لکھا کہ پہلے بیان حلفی قبول نہیں۔ فلور کراس کرنے کی تلقین کی گئی۔ جب ملک میں بہتری آتی ہے تو کسی نہ کسی کو تکلیف ہونے لگتی ہے۔ سپریم کورٹ کے ججز سے کہنا چاہتی ہوں اس ملک کو چلنے دو۔ یہاں ضمیر کے مطابق نہیں آئین اور قانون کے مطابق فیصلے ہوتے ہیں ضمیر بک بھی سکتا ہے۔ عوام اپنی آنکھیں اور کان کھلے رکھیں اور دوست اور دشمن کو پہچانیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے ترقی میں رخنہ ڈالنے اور عدم استحکام کی کوشش کی تو اس کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ سازشوں کو 76 سال ہوگئے اب انہیں مزید کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ کوئی خاتون بے گناہ جیل جائے تو دکھ ہوتا ہے لیکن ملک میں آگ لگانے والے معصوم نہیں ہیں۔ ایک عورت نے اس ملک پر حملہ کیا اور تنصیبات کو آگ لگائی اس کو ضمانت دی گئی۔ ایک شخص کو 4 سال حکومت ملی  تو ایسی تباہی کی جس کی مثال نہیں ملتی۔ آج عوام پر جو مصیبتیں آئی ہیں یہ انہیں چار سالوں کا نتیجہ ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت کو 11 سال ہو گئے۔ انہو ں نے اتنے عرصے سے خیبر پختونخوامیں کیا کیا۔ صوبے کو تباہ کر کے رکھ دیا – جہاں پنجاب ختم ہوتا ہے اور خیبرپختونخوا شروع ہوتا ہے وہاں ترقی ختم اور تنزلی شروع ہوتی ہے۔ اپنے فرائض سے مجرمانہ غفلت کے علاؤہ ان کے پاس کیا ہے۔ قوم سے وعدہ کرتی ہوں جب تک عہدوں پر ہیں ترقی کی نئی مثالیں قائم کرتے رہیں گے۔

مزیدخبریں