بلدیاتی انتخابات: فردوس شمیم نقوی کے کاغذات نامزدگی مسترد
01:13 PM, 19 Jun, 2022
کراچی : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) رہنما فردوس شمیم نقوی نے غلط یوسی میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے ۔ تفصیلات کے مطابق بلدیاتی انتخابات سندھ کے دوسرے مرحلے کے انتخابات میں تحریک انصاف کو بڑا دھچکا لگ گیا۔تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے۔ فردوس شمیم نقوی نے جمشید ٹاؤن میں جمع کرانے تھے ، انہوں نے جناح ٹاؤن میں جمع کرادئیے اس لیے کاغذات نامزدگی مسترد کردئیے گئے ۔ پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی نے غلط یوسی میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے ۔ یاد رہے کہ سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے پر 25 جولائی کو کراچی ، حیدرآباد اور ٹھٹھہ میں پولنگ ہوگی۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سےمیئر کراچی کیلئے چار امیدوار سامنے آگئے ہیں،جن میں فردوس شمیم نقوی، پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار، خرم شیرزمان اور اشرف جبارقریشی شامل ہیں۔تاہم میئر کراچی امیدوار کےحتمی نام کا اعلان چیئرمین عمران خان کریں گے۔ خیال رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں لاڑکانہ، سکھر، شہید بینظیر آباد، میرپورخاص ڈویژن میں 26 جون کو انتخابات ہونگے۔ پہلے مرحلے میں 14 اضلاع سے کم از کم 946 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کشمور کندھ کوٹ سے 96، قمبر شہدادکوٹ سے 70، جیکب آباد سے 135، شکارپور سے 94، لاڑکانہ سے 11، میرپور خاص سے 65 اور عمرکوٹ سے 65 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔