پنجاب بجٹ: کابینہ کی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافے کی منظوری
03:28 PM, 19 Jun, 2023
لاہور: کابینہ نے پنجاب کے تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 17واں اجلاس ہوا، اجلاس میں نئے مالی سال 2023-24کے پہلے 4 ماہ کے ٹیکس فری بجٹ کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے پنجاب کے تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ،ملازمین کو 30 فیصد اضافہ ایڈہاک ریلیف کی مد میں دیا جائے گا ، 80 برس سے زائد عمر کے پنشنرز کی پنشن میں 20 فیصد اضافے کی منظوری دے دی گئی۔ پنجاب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے کاروبار و تعلیم کے فروغ کے لئے تمام ٹیکسز/ڈیوٹیز ختم کرنے کا فیصلہ، پنجاب کابینہ نے صوبے میں آئی ٹی انڈسٹریز سے تمام ٹیکسز اور ڈیوٹیز معاف کرنے کی منظوری دے دی ۔ پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے 4 ماہ کیلئے 70 ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی ہے، کابینہ نے اسٹامپ ڈیوٹی کی شرح 3 فیصد تک بڑھانے کی تجویز مسترد کر دی، تعمیراتی صنعت کے فروغ کیلئے اسٹامپ ڈیوٹی کی شرح ایک فیصد مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ زرعی ترقی اور کاشتکاروں کو ریلیف دینے کیلئے زراعت کے بجٹ کیلئے 47 ارب 60 کروڑ روپے مختص کرنے کی منظوری دے دی گئی، رواں مالی برس زراعت کیلئے 12 ماہ میں 12 ارب روپے رکھے گئے تھے۔ پنجاب میں نئے مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران 50 فیصد جاری ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، 2017 سے بند پاور پلانٹ کو فنکشنل کرنے کیلئے 16 ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی ہے ، اس کے علاوہ اجلاس میں 4 ماہ کے دوران صحت اور ایجوکیشن کے بجٹ میں 31 فیصد اضافے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ کابینہ نے لاہور نالج پارک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کے قیام کی منظوری دے دی ، صحافیوں کے لئے ایک ارب روپے سے انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ مختصر مدت میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرتا ہے۔صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے 4 ماہ کے لئے 70 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ پنجاب کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا۔ بہترین بجٹ پیش کرنے پرچیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری خزانہ اور ان کی ٹیم کو کابینہ کی جانب سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی ۔ سیکرٹری خزانہ نے نئے مالی سال کے بجٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔