پرویز الہیٰ سے چوہدری شجاعت ، سالک کی ملاقات،پرویز الہیٰ کو جیل میں بی کلاس دیدی گئی

05:45 PM, 19 Jun, 2023

احمد علی
لاہور: سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الہیٰ سے چوہدری شجاعت ، سالک حسین کی جیل میں ملاقات ہوئی ہے۔دوسری جانب پرویز الہیٰ کو جیل میں بی کلاس دیدی گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کیمپ جیل میں بڑی ملاقات ہوئی ہے، چوہدری پرویز الہی سے چوہدری شجاعت حسین اور سالک حسین کی ملاقات ہوئی ۔ جیل ذرائع کے مطابق ملاقات محکمہ داخلہ پنجاب کی اجازت ملنے کے بعد کروائی گئی،پچاس منٹ تک ملاقات جاری رہی ، جس میں ملک کی سیاسی اور موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات کے دوران چوہدری پرویز الہیٰ کی خیریت بھی دریافت کی گئی۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کو جیل میں بی کلاس دیدی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ نے چودھری پرویز الہٰی کو بی کلاس دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ محکمہ داخلہ نے کیمپ جیل حکام کو اس حوالے سے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ خیال رہے کہ چودھری پرویزالہیٰ نے سابق وزیراعلیٰ ہونے کی وجہ سے حکومت سے بی کلاس دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ چودھری پرویزالہیٰ کے اہلیہ نے بھی الزام عائد کیا تھا کہ ان کے شوہر کو سابق وزیراعلیٰ ہونے کے باوجود جیل میں سی کلاس سہولیات بھی نہیں دی جا رہیں، انہیں ایک تنگ بیرک میں رکھا گیا ہے۔
مزیدخبریں