ملک کے بیشتر حصوں میں شدید گرمی سے ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، محکمہ موسمیات
10:20 PM, 19 Jun, 2023
لاہور: محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے ملک کے بیشتر حصوں میں شدید گرمی سے ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں رواں ہفتے کے دوران شدید گرمی کے باعث ' ہیٹ ویو' جیسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے آنے والے دنوں میں بجلی اور پانی کی طلب میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے عوام کو گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری طور پر سورج کی روشنی میں گھومنے سے گریز کا مشورہ دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 20 سے 24 جون کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہو سکتا ہے۔ فضا میں ہوا کے زیادہ دباؤ کے باعث گرمی میں بتدریج اضافہ ہوگا۔ اس دوران بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن کے درجہ حرارت میں 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ بڑھ سکتے ہیں ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ ، جنوبی پنجاب اوربلوچستان میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ رواں ہفتے کے دوران ملک کے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔