ویب ڈیسک: ٹی 20 ورلڈ کپ میں گروپ میچز کے مرحلے میں خراب کارکردگی کے باعث باہر ہونے والی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کین ولیمسن نے کپتانی سے استعفیٰ دے دیا۔
تفصیلات کےمطابق اس کے علاوہ انہوں نے 25-2024 کے سیزن کے لیے بورڈ سے سینٹرل کانٹریکٹ لینے سے بھی انکار کر دیا ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے ولیمسن کے فیصلے کا اعلان اپنی آفیشل ویب سائٹ پر کیا اور دعویٰ کیا کہ اسٹار بلے باز نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کو طول دینے کے لیے یہ اقدام اٹھایا۔
بورڈ کی جانب سے بتایا گیا کہ 'کین ولیمسن نے سال 25-2024 کے لیے سینٹرل کانٹریکٹ سے انکار کے باوجود تینوں فارمیٹس میں بلیک کیپس کے لیے اپنی طویل مدتی وابستگی پر زور دیا ہے'۔
350 سے زیادہ بین الاقوامی میچوں کا تجربہ رکھنے والے ولیمسن نے کہا کہ اپنے خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا ایک ایسی چیز ہے جو اس وقت میرے کے لیے زیادہ اہم ہے۔
کین ولیمسن نے کہا کہ ان کے فیصلے کو بین الاقوامی کرکٹ میں دلچسپی کھونے سے تعبیر نہیں کیا جانا چاہیے اور دعویٰ کیا کہ وہ مستقبل میں سینٹرل کانٹریکٹ قبول کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ کے لیے کھیلنا میرے لیے قیمتی چیز ہے اور ٹیم کو واپس دینے کی میری خواہش اب بھی کم نہیں ہوئی۔
کیوی کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ سے باہر میری زندگی بدل گئی ہےاپنے خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا اور ان کے ساتھ اندرون یا بیرون ملک تجربات سے لطف اندوز ہونا میرے لیے اور بھی اہم ہے'۔