جعلی لیٹر پر بھرتی اہلکار ایس پی بن گیا

05:12 AM, 19 Mar, 2021

حسان عبداللہ

کراچی(پبلک نیوز) جعلی تقرر نامے پر اے ایس آئی سے ایس پی تک کی ترقی کی کہانی سامنے آ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایس پی کے عہدے تک پہنچنے والے اعجاز ترین کے جعلی لیٹر پر اے ایس آئی بھرتی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ خبروں کے مطابق اعجاز ترین کی بھرتی اسلام آباد پولیس میں ہوئی اور بعدازں سندھ ٹرانسفر کرایا گیا۔

مبینہ جعلی لیٹر پر بھرتی اعجاز ترین آؤٹ آف ٹرن میں ترقی کرتا کرتا ایس پی کے عہدے تک پہنچا۔ اعجاز ترین بطور ایس پی سندھ میں کئی شہروں میں ڈیوٹی کرتا رہا، وہ اپنی سروس کے دوران بلاول بھٹو سمیت اہم شخصیات سے بھی ملتا رہا۔

عدالتی احکامات کے بعد آؤٹ آف ٹرن ترقی واپس ہوئی تو اعجاز ترین انسپکٹر بن گیا تاہم بطور انسپکٹر درجنوں تھانوں میں ایس ایچ او رہا، لیکن کسی کو اس بارے میں معلوم نہیں ہوا۔

اعجاز ترین کے جعلی لیٹر پر بھرتی ہونے کا انکشاف سینیارٹی کے لیے کی گئی اپیل کی جانچ پڑتال کے دوران ہوا جب اس نے 16 اگست 1989 کا جعلی تقرر نامہ پیش کیا تاہم وہ 1997 میں اسلام آباد پولیس سے اصلی حکمنامے پر سندھ پولیس میں آیا تھا۔

مزیدخبریں