لوئر دیر میں جلسہ کرنے پر وزیر اعظم پر 50 ہزار جرمانہ عائد
06:58 AM, 19 Mar, 2022
اسلام آباد: (ویب ڈیسک)ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر لوئر دیر نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیر اعظم عمران خان پر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان پر لوئر دیر میں جلسہ کرنے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر لوئر دیر کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان پر جرمانہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کیا گیا۔ ڈی ایم او لوئر دیر کا کہنا ہے کہ 22 مارچ تک جرمانہ جمع کروا کر بینک چالان فراہم کیا جائے۔واضح رہے کہ 11 مارچ کو الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم عمران خان کو لوئر دیر میں جلسہ کرنے سے روکا تھا۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم عمران خان کو20مارچ درگئی کے جلسے سے روک دیا ہے. ای سی پی کا کہنا ہے کہ 31مارچ کو ملاکنڈ میں بلدیاتی الیکشن ہورہے ہیں، شیڈول کے بعد کوئی حکومتی عہدیدار انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکتا۔اس حوالے سے ڈی ایم او ضیا الرحیم نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔