مریم نواز کی کیپٹن احمد بد ر شہید ، لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف شہید کے گھر آمد ، اہلخانہ سے تعزیت

09:37 PM, 19 Mar, 2024

notype

(ویب ڈیسک ) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کیپٹن احمد بد ر شہید اور لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف شہید کے گھر پہنچیں اور   اہلخانہ سے تعزیت کی۔

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف تلہ گنگ میں  کیپٹن احمد بدر شہید کے گھر  پہنچیں اور  شہید کے والدین اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔ مریم نواز شریف کی شہید کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

مریم نواز شریف نے جرات و بہادری سے دفاع وطن کا فرض نبھاتے ہوئے شہادت کے بلند مرتبے پر فائز ہونے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ  شہداء کے حوصلہ مند، صابر اور صاحب ایمان والدین اور اہل خانہ کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے،  کیپٹن احمد بدر شہید کے والد کی گفتگو نے پوری قوم کا حوصلہ اور ایمان تازہ کر دیا ہے، سلام ہے ان ماؤں کو جن کے شیر قوم کے سر کی چادر کے تحفظ کے لئے اپنا قیمتی لہو بہاتے ہیں،   شہدا کی عظیم قربانیاں شوق شہادت اور وطن پر مرمٹنے کے جذبے کی گواہی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ  آخری دہشت گرد کو جہنم واصل کرنے تک قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ ہے، قومی عزم سے دہشت گردوں کا خاتمہ کریں گے،  ہمارے صبر کا امتحان لینے والوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

مریم نواز نے شہید کے والدین  اور اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ   قوم کا ہر بیٹا کیپٹن احمد بدر ہے،  پوری قوم اپنے شہدا کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لے گی،  امن کو ہماری کمزوری سمجھنے والوں کی غلط فہمی جلد دور ہو جائے گی، پوری قوم شہدا اور ان کے ورثاء کی عزت واحترام کو یقینی بنانے گی، یہ عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، قوم ان عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف چکلالہ  میں لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کے گھر  بھی گئیں ۔ وہاں مریم نواز  نے  شہید کے والدین اور اہل خانہ سے ملاقات کی اور  تعزیت کی ۔

مریم نواز نے کہا کہ  آپ کے بہادر بیٹے نے آپ کا ہی نہیں پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا،  پوری قوم شہدا اور ان کے اہل خانہ کی قربانیوں کی مقروض اور ممنون رہے گی،  ہمارے بہادر محافظ وطن اور عوام کی حفاظت، امن اور سلامتی کی آہنی دیوار ہیں۔

مزیدخبریں