’جہانگیر ترین پیچھے ہٹنے کے لیے تیار ہیں‘

04:31 PM, 19 May, 2021

احمد علی

اسلام آباد ( پبلک نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور وزیراعظم عمران خان کے قریب دوست جہانگیر ترین کے کیسز نے صورتحال کو یکسر بدل کے رکھ دیا ہے۔ جہانگیر ترین وہ شخص ہے جس نے تحریک انصاف کو اقتدار تک پہنچایا۔ یہ سب سمجھتے بھی ہیں اور کہتے بھی ہیں۔

اب خبریں مزید سامنے آ رہی ہیں۔ ایک خبر یہ سامنے آئی ہے کہ جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین کا کیس سننے والے جج ٹرانسفر ہو گئے ہیں۔ دوسری خبر یہ ہے کہ جہانگیر ترین نے جو گروپ بنا رکھا ہے، اس میں موجود بڑے بڑے ناموں سے جہانگیر ترین ناراض ہیں۔

پبلک نیوز کے شو ریاست اور عوام میں سینئر صحافی اور تجزیہ کار عدیل وڑائچ نے یہ انکشاف کیا ہے کہ جہانگیر ترین نے جس انداز میں اپنا مؤقف پیش کرنے کے لیے کہا تھا، گروپ کے ممبران نے اس انداز میں پیش نہیں کیا۔ یہی وجہ ہے کہ سینئر سیاستدان ان سے نالاں ہیں۔

انھوں نے مزید انکشاف کیا ہے کہ جہانگیر ترین کو اندر کھاتے پیغام پہنچا دیا گیا ہے، جس کے بعد وہ پیچھے ہٹنے کے لیے تیار ہو گئے ہیں۔ انھوں نے یہ سب انکشاف اپنے ذرائع کے توسط سے کیے ہیں۔ جبکہ جہانگیر ترین کے حوالے سے یہ بھی خبریں گردش کر رہی تھیں کہ وہ پی ٹی آئی سے الگ ہو جائیں گے۔

جہانگیر ترین نے اس حوالے سے واضح کر دیا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کا حصہ ہیں اور رہیں گے۔

مزیدخبریں