شمالی وزیرستان : فورسز کے آپریشن میں دہشت گرد ہلاک

03:05 PM, 19 May, 2022

احمد علی
راولپنڈی: آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں فورسز کے آپریشن میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے دہشت گرد کی شناخت الطاف کے نام سے ہوئی ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ ہلاک دہشت گرد فورسز پر حملوں میں ملوث تھا۔ دوسری جانب آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں فوجی قافلے میں شامل گاڑی کو حادثہ پیش آیا ہے، فوجی قافلے میں شامل گاڑی دیسی ساختہ بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ حادثے میں پاک فوج کے حوالدار محمد سرور شہید ہوگئے ہیں ، شہید حوالدار محمد سرور کی عمر39 برس اورتعلق جہلم سے تھا۔علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے ایریا کلیرنس آپریشن جاری ہے۔
مزیدخبریں