وفاقی کابینہ کی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کئے گئے فیصلو ں کی توثیق

05:07 PM, 19 May, 2023

احمد علی
اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے 16 مئی کو ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی (NSC) کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ وفاقی کابینہ کے اراکین کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے اُن کو اپنے گزشتہ روز کے پاک۔ایران سرحد کے دورے کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایرانی صدر کی ذاتی دلچسپی اور وزیراعظم کی ذاتی نگرانی میں ایران سے100 میگا واٹ سستی بجلی کی درآمد کا منصوبہ قلیل مدت میں مکمل ہوا جوکہ عرصہ دراز سے التواء کا شکار تھا۔ اس منصوبے سے جنوبی بلوچستان خصوصاً گوادر میں بجلی کی ترسیل یقینی بنائی گئی ہے۔ اس منصوبے سے بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں ترقی اور خوشحالی آئے گی۔اسی طرح”مند۔پشین بارڈر مارکیٹ“ کا بھی افتتاح کیا جس سے پاک۔ ایران سرحد کے دونوں اطراف کے رہائشیوں کے لیے کاروبار اور روزگار کے نئے مواقع میسر ہوں گے اور ترقی کا نیا سفر شروع ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایرانی صدر نے پاک۔ایران تجارت کے باہمی فروغ میں بھی خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔اس کے علاوہ زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی اور شمسی توانائی کے شعبوں میں تعاون پر بھی مفید بات چیت ہوئی۔انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد ایران کا دورہ کرے گا تاکہ اِن امور پر ٹھوس پیش رفت ہو۔ وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو بتایا کہ دونوں ممالک نے 900 میل طویل سرحد پر کراس بارڈر ٹیرا ئیرزم کو روکنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا اور سیکورٹی کے نظام کو مزید بہتر کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔ وزیراعظم نے ایرانی صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی جو اُنہوں نے قبول کی۔ وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو سعودی عرب کے ساتھ منگل کے روز دستخط کیے گئے ”روڈ ٹو مکہ“ معاہدے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیاجس سے پاکستانی حاجیوں کی کثیر تعداد مستفید ہوسکے گی۔ اس معاہدے کے تحت اسلام آباد ایئرپورٹ سے 26143 پاکستانی حاجیوں کی امیگریشن کا عمل اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہی ہوگا اور وہ سعودی ایئرپورٹ پر لمبے انتظار سے بچ جائیں گے۔ اس معاہدے پر عمل درآمد کل سے شروع ہوچکا ہے۔ وزیراعظم نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ سعودی حکومت کی معاونت سے آئندہ برس لاہور اور کراچی سے بھی جانے والے عازمینِ حج کو یہ سہولت مہیا ہوسکے گی۔ وفاقی کابینہ نے روالپنڈی میں انشورنس ٹریبونل قائم کرنے کی منظوری دے دی۔ اس نئے ٹریبونل پر کوئی اضافی اخراجات نہیں آئیں گے بلکہ موجودہ احتساب عدالت نمبر4 کو انشورنس ٹریبونل میں تبدیل کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز(Cabinet Committee on Legislative Cases)کے 11 مئی 2023 کو منعقد ہونے والے اجلا س میں کئے گئے فیصلوں ک توثیق کی۔
مزیدخبریں