این اے 148 ملتان میں ضمنی انتخاب کیلئےپولنگ کاوقت،گنتی جاری

05:04 PM, 19 May, 2024

ویب ڈیسک: ملتان سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 148 میں ضمنی انتخاب کے لیے تمام پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ  کا وقت ختم جبکہ گنتی جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے 148 ملتان میں8 امیدواران نے انتخاب میں حصہ لیا۔پیپلز پارٹی کے امیدوار علی قاسم گیلانی اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار تیمور مہے کے مابین کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی الیکشن کے لیے 275 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے جس میں سے 69 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا، 4لاکھ 44ہزار 231 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

حساس پولنگ اسٹیشن پر پاک فوج اور رینجرز کے جوان گشت پر مامور رہیں، حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے جبکہ انٹری پر واک تھرو گیٹس بھی نصب کیے گئے۔ پولیس کے 3800 اہلکار و افسران نے ضمنی الیکشن میں ڈیوٹی سرانجام دی۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا گیا لہٰذا ووٹرز بلاخوف خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے پولنگ اسٹیشن پر آئیں۔

ماضی میں اس حلقے سے یوسف رضا گیلانی، سکندر حیات بوسن اور احمد حسین ڈیہڑ منتخب ہوچکے ہیں۔ 8 فروری کے الیکشن میں بھی اس حلقے سے یوسف رضا گیلانی نے کامیابی حاصل کی تھی تاہم یوسف رضا گیلانی کے چیئرمین سینیٹ بننے کے بعد اس حلقے میں ضمنی الیکشن ہو رہا ہے۔

مزیدخبریں