ٹریفک حادثہ دراصل ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل نکلا

12:37 PM, 19 Oct, 2022

احمد علی
کراچی: دو روز قبل ناگن چورنگی میں پیش آیا ٹریفک حادثہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل نکلا۔ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا ناسور بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہری کی زندگی نگل گیا.دو روز قبل ناگن چورنگی پیش آیا ٹریفک حادثہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل نکلا . ایف آئی آر کے متن کے مطابق جاں بحق ہونے والا شخص کریانہ اسٹور کا مالک حنیف بینک سے دس لاکھ روپے لے کر آرہا تھا۔17 اکتوبر کو پیش آئے واقعے کا مقدمہ قتل اور ڈکیتی کی دفعات کے تحت گبول ٹاؤن پولیس نے درج کرلیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق مقدمہ 172/2022 مقتول کے خالہ زاد بھائی محمد احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مدعی نے بیان میں‌کہا ہے کہ محمد حنیف نے گاؤں سے دس لاکھ روپے منگوائے تھے جو ہم ناگن چورنگی کے قریب بینک سے لینے گئے تھے، میں موٹرسائیکل چلا رہا تھا، بینک سے نکالی گئی رقم محمد حنیف نے کپڑے کے رومال میں رکھ لی تھی،بفرزون سیکٹر پندرہ بی میں موٹرسائیکل سوار دو ملزموں نے قریب آکر ہماری موٹرسائیکل کی جابی نکالنے کی کوشش کی، چابی نہ نکلی تو ایک ملزم نے فائرنگ کی جس پر میں نے موٹرسائیکل آہستہ کی، ملزموں نے دائیں جانب آکر ہماری موٹرسائیکل کو لات ماری، جس سے میں فٹ پاتھ کے اوپر جبکہ محمد حنیف کا سر فٹ پاتھ پر لگا۔ مدعی کے بیان کے مطابق محمد حنیف کے رومال سے ساڑھے تین لاکھ روپے نکل کر سڑک پر گرے جو ملزموں نے چھین لیے، بقیہ رقم رومال میں ہی تھی میں نے رومال سنبھالا، اس دوران ملزم فرار ہوگئے۔ کچھ ہی دیر میں ایمبولینس آگئی اور ہم اسپتال پہنچے تو ڈاکٹروں نے حنیف کی موت کی تصدیق کر دی۔
مزیدخبریں