توشہ خانہ کیس: سابق وزیراعظم نوازشریف کے وارنٹ گرفتاری معطل

11:59 AM, 19 Oct, 2023

احمد علی
اسلام آباد: احتساب عدالت اسلام آباد نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نےمسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی توشہ خانہ کیس میں وارنٹ معطلی کی درخواست پر سماعت کی ، سابق وزیر اعظم نواز شریف کے وکیل قاضی مصباح اور نیب پراسیکیوٹر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ نوازشریف کے وکیل کا کہنا تھا کہ نواز شریف عدالت میں کیسز کا سامنا کرنا چاہتے ہیں، 21 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے، عدالت سے استدعا ہے کہ 24 تاریخ تک وارنٹ معطل کئے جائیں۔ جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ آپ نے ہائی کورٹ میں بھی درخواست دی ہے، جس پر نوازشریف کے وکیل نے کہا کہ نہیں، اس کیس میں ہائی کورٹ سے رجوع نہیں کیا ہے، توشہ خانہ کیس میں وارنٹ جاری ہوئے ہیں، فیصلہ نہیں ہوا تھا، اسحاق ڈار کے اسی نوعیت کے کیس میں وارنٹ معطل ہوئے تھے۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نوازشریف نے دو ریلیف مانگے ہیں، وہ کہہ رہے ہیں کہ عدالت کے سامنے سرنڈر کرنا چاہتے ہیں، نوازشریف کو سننا چاہتے ہیں تو وارنٹ معطل کر دیں۔ عدالت نے وکیل صفائی اور نیب پراسیکیوٹر کے دلائل سننے کے بعد قائد مسلم لیگ ن کی وارنٹ معطلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ خٰیال رہے کہ گذشتہ روز نوازشریف کے وکلاء کی جانب سے احتساب عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی۔
مزیدخبریں