ویب ڈیسک: کاؤنٹرٹیررازم ڈپارٹمنٹ( سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف شہروں میں آپریشن کے دوران 7 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر پنجاب کے مختلف شہروں میں 129 انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیے گئے۔ آپریشن کے دوران 7 دہشت گردوں کو گرفتارکر لیا گیا۔ کارروائیاں لاہور، بھکر اٹک ،وہاڑی ، بہاولپور اور جھنگ میں کی گئیں۔ لاہور اور بھکر سے فتنہ الخوارج کے 2 انتہائی خطرناک دہشت گرد اسلحہ اور باروی مواد سمیت گرفتارکیے گئے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں سے دھماکا خیز مواد، 9 ڈیٹونیٹر، 9 فٹ حفاظتی فیوز وائر، گولیاں اور اسلحہ ،2 آئی ای ڈی بم ،موبائل فون، ممنوعہ پمفلٹ اورنقدی بھی برآمد ہوئی۔ دہشت گردوں کی شناخت حیات اللہ ، شین خان ،محمد صدیق ،ظہور احمد ، اکرام خان ، مبشر علی اور خان کے نام سے ہوئی۔ دہشت گرد مختلف مقامات پر کارروائی کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔
حکام کے مطابق رواں ہفتے میں 2943 کومبنگ آپریشنز کے دوران257 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے۔ کومبنگ آپریشنز میں 68537 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔ سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے۔دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔