سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں، 2 خارجی دہشتگرد ہلاک، 5 گرفتار

02:04 PM, 19 Oct, 2024

ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پشین میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز نے کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا ہے۔ 

سیکیورٹی فورسز نے پشین میں خارجی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں  5 خارجی دہشت گرد پکڑے گئے۔ خارجی دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ، ایمونیشن اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خارجی دہشت گردوں کے قبضے سے تین خود کش جیکٹس بھی برآمد کی گئیں۔ پکڑے جانے والے خارجی دہشتگردی کی کئی کارروائیوں بشمول سیکیورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی اور شہریوں کو نشانہ بنانے میں بھی ملوث تھے۔ 

سیکیورٹی فورسز کی ضلع ژوب میں بھی کارروائی

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 2 خارجی دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ژوب سے خارجی دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنانے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ 

بیان میں بتایا گیا ہے کہ ژوب میں بھی خارجی دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسزدہشتگردی کےخاتمےکیلئےپرعزم ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کوشاباش

وزیرِ اعظم  نے پانچ خوارج کی گرفتاری، دو خوارج کو جہنم واصل کرنے اور بڑی تعداد میں اسلحہ و دھماکہ خیز مواد ضبط کرنے پر افسران و جوانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھ سمیت پوری قوم وطن عزیز کو فتنہ الخوارج سے پاک کرنے کیلئے دن رات سرگرمِ عمل پاک فوج کے افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے.

پاکستان کے دشمنوں کے ملک میں انتشار و بد امنی پھیلانے کے عزائم کو خاک میں ملانے کے مشن میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے. 

مزیدخبریں