پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کا آئینی ترمیم پر 100 فیصد اتفاق ہوچکا: بلاول بھٹو

06:23 PM, 19 Oct, 2024

ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کا آئینی ترمیم پر 100 فیصد اتفاق ہوچکا۔

تفصیلات کےمطابق فضل الرحمان سے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طویل مشاورتی عمل کے بعد آئین سازی کا عمل آگے بڑھتا جارہا ہے، جوڈیشل ریفارمز پر مولانا فضل الرحمان سے بات چیت ہوئی۔

کراچی میں ملاقات کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کا آئینی ترمیم پر 100 فیصد اتفاق ہوچکا ہے، آئینی ریفارمز پر دونوں جماعتیں متفق ہیں، میری خواہش ہے آئینی ترمیم مولانا فضل الرحمان خود پیش کریں، یہ ڈرافٹ جتنا پیپلزپارٹی کا ہے اتنا مولانا فضل الرحمان کا بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طریقے سے مولانا چاہتے تھے اس طرح ڈرافٹ بنایا ہے، ن لیگ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کا ڈرافٹ پاس کیا ہے، جو ڈرافٹ ہمارا ہے وہ مولانا فضل الرحمان نے خود لکھا ہے، مولانا فضل الرحمان ہمارا بل لے کر آئیں، پارلیمان اور جمہوریت کو بچائیں۔

بلاول کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والوں کو اگر ہمارے ڈرافٹ پر تحفظات ہیں تو مولانا کے ڈرافٹ کو ہی تسلیم کرلیں، ہم سے جو ہوسکتا تھا ہم نے اب کرلیا، اب سب کچھ پی ٹی آئی پر ہے۔

مزیدخبریں