عمران خان کےحوالےسےاڈیالہ جیل کی انتظامیہ کا مؤقف سامنے آگیا

08:05 PM, 19 Oct, 2024

ویب ڈیسک: اڈیالہ جیل کی انتظامیہ کا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کی عمران خان کے حوالے سے کی گئی پریس کانفرنس پر آفیشل مؤقف سامنے آگیا ہے۔

 تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کے حکام نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اڈیالہ جیل میں بی کلاس کی تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی خوراک، مطالعہ اور ورزش کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔

حکام نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سیل میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی ہوتی ہے، بی کلاس کے تحت بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اپنا کھانا الگ سے پکانے کے لیے قیدی کک فراہم کیا گیا ہے، پروفیشنل قیدی کک ان کا ناشتہ، دوپہر اور رات کا کھانا ان کی مرضی سے تیار کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ناشتے میں کافی، چیہ سیڈ، چقندر کا جوس، دہی، چپاتی، دہی، بسکٹ اور کھجوریں استعمال کرتے ہیں، دوپہر کے کھانے میں کڑی پکوڑا، دیسی مرغی، دہی، چپاتی، سلاد، گرین ٹی، مٹن اور رات کو دلیہ، کوکونٹ، کوکونٹ جوس اور انگور وغیرہ کھاتے ہیں۔

اڈیالہ جیل حکام نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کھانا اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ کی نگرانی میں تیار کیا جاتا ہے اور جیل میں متعین ڈاکٹر بانی پی ٹی آئی عمران خان کا دن میں تین مرتبہ معائنہ کرتے ہیں اور گزشتہ دو ہفتوں کے میڈیکل ٹیسٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان مکمل طور پر صحت مند ہیں، 2 روز قبل پمز اسپتال کے ڈاکٹروں نے بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان کا معائنہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو روزانہ کی بنیاد پر اخبار فراہم کیا جاتا ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان روزانہ 2 گھنٹے ایکسرسائز کرتے ہیں، بی کلاس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل ہیں۔

جیل انتظامیہ نے کہا کہ سوشل میڈیا اور سیاسی جماعتوں کی طرف سے بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے پھیلائی جانے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

مزیدخبریں