انگلینڈ ، آسٹریلیا کی طرف سے سیریز منسوخ ہونے کا امکان؟
05:01 AM, 19 Sep, 2021
اسلام آباد( ویب ڈیسک ) نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کی طرف سےسیریز منسوخ کرنے کے بعد انگلینڈ اور آسٹریلین کرکٹ ٹیموں کا دورہ پاکستان بھی کھٹائی میں پڑ گیا، انگلش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ایک دور روزہ میں پاکستانی حکام کو حتمی طور پر آگاہ کر دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے بعد بظاہر پاکستانی کرکٹ بورڈ اور کرکٹ کے معاملات کو زبردست نقصان پہنچ چکا ہے جب نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم عین میچ والے روز سکیورٹی الرٹ کی بنیاد پر کھیلنے سے انکار کرتی ہے اور پاکستان کے ساتھ سیریز ہی منسوخ کر دی جاتی ہے۔ اب انگلش کرکٹ بورڈ کی طرف سے دورہ پاکستان ہونا بھی مشکل نظر آرہا ہے جبکہ آ سٹریلین بورڈ نے اپنا دورہ انگلش ٹیم کے ساتھ مشروط کر دیا ہے۔ انگلش کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ زمینی حقائق سے مکمل آگاہی کیلئے پاکستان میں موجود سکیورٹی ٹیم سے مکمل رابطہ ہے اور تازہ صورتحال پر آگاہی ہے، انہی معلومات کی بنیاد پر چند روز میں فیصلہ ہو گا کہ انگلش کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی یا نہیں ۔ آسٹریلیا کی طرف سے آئندہ سال پاکستان کا شیڈولڈ دورہ بھی اس چیز سے مشروط کر دیا ہے کہ انگلش کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرتی ہے یا نہیں، آسٹریلوی میڈیاکا کہنا ہے کہ اگر انگلش کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ منسوخ کر دیا تو آسٹریلین ٹیم کا پاکستان جانا بھی مشکل ہو گا ۔